ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / محبوبہ کا حالیہ سرحدی گولہ باری میں مرنے والے ہر خاندان کے ایک فرد کو نوکری دینے کا اعلان

محبوبہ کا حالیہ سرحدی گولہ باری میں مرنے والے ہر خاندان کے ایک فرد کو نوکری دینے کا اعلان

Sat, 26 May 2018 23:15:46    S.O. News Service

جموں،26؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایسے ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا ہے جس نے بین الاقوامی سرحد پر حالیہ ہلاکت خیز گولہ باری میں اپنے کسی پیارے کو کھو دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان جمعہ کے روز صوبہ جموں میں بین الاقوامی سرحد کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا جن کے گھروں میں (حالیہ گولہ باری کے نتیجے میں)کسی کی موت ہوئی ہے، ایسے متاثرہ خاندانوں کے ایک ایک فرد کو ہم نوکری دیں گے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ سرحدی آبادی کے لئے بارڈر بھونوں کی تعمیر اور سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر نوجوانوں کے لئے جموں وکشمیر پولیس میں ایک مخصوص بٹالین تشکیل دینے کا معاملہ وہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر بھونوں کی تعمیر کی بدولت گولہ باری کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو ایک ہی جگہ پر رکھا جائے گا جہاں انہیں بچوں کی اسکولنگ سمیت ہر سہولیات فراہم کی جائے گی۔ مفتی نے پاکستان کے تئیں اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک کی طرف سے حکومت ہندوستان کے یکطرفہ فائر بندی کے اعلان پر مثبت جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا ہم نے سوچا تھا کہ پاکستان کی طرف سے حکومت ہندوستان کے اعلان شدہ یکطرفہ فائر بندی پر مثبت جواب آئے گا۔ وہ دراندازی اور سرحدوں پر گولہ باری بند کرے گا۔ بدقسمتی سے ایسا ہوا نہیں۔ اس کی وجہ سے ہمارے لوگ بہت مصیبت میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہم یہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان اس مصیبت کو سمجھے گا۔ وزیر اعظم نے میدانی علاقوں میں فائر بندی کا ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ سرحدوں پر واجپئی جی (سابق وزیر اعظم) کے وقت میں فائر بندی ہوئی تھی۔ ہلاکتوں کو روکنے کے لئے واجپئی کے وقت میں ہوئی فائر بندی کی ضرورت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں طرف کے لوگ امن کی فضا میں اپنی زندگی گذر بسر کر سکیں۔ سرحد کے دونوں طرف لوگ مارے جارہے ہیں۔ ہم یہی امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی طرف سے مثبت ردعمل آئے گا۔


Share: